تازہ ترین

علی امین گنڈاپور کو مذاکرات میں صوبے کا نمائندہ نامزد کرنے کا فیصلہ

0

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا پارلیمانی پارٹی نے مرکزی مذاکراتی عمل میں صوبے کی نمائندگی کے لیے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین کی اکثریتی رائے سے کیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ علی امین گنڈاپور کو مذاکراتی عمل میں صوبے کی نمائندگی سونپنے پر اتفاق ہوا ہے۔ اعلامیے میں وضاحت کی گئی کہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جبکہ جنید اکبر پارٹی کے صوبائی صدر ہیں، اور گزشتہ اجلاس میں ان عہدوں پر تبدیلی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔

پارلیمانی پارٹی نے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے بیان اور سوشل میڈیا پر جاری پیغام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں سلمان اکرم راجہ سے بیان واپس لینے اور معذرت کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے 11 اکتوبر کو صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق اقدام کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، صوبائی اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی اور دیگر پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کی گرفتاریوں اور مبینہ اغوا کے واقعات پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے عالمی برادری سے زیر حراست افراد اور مبینہ طور پر اغوا کیے گئے رہنماؤں کی بازیابی کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ اجلاس میں عدالتوں سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ قانونی کارروائی کے ذریعے ان افراد کی فوری بازیابی یقینی بنائی جائے۔

پارلیمانی پارٹی نے پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین، ان کی اہلیہ اور دیگر گرفتار رہنماؤں کی رہائی کے لیے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مؤثر احتجاجی حکمت عملی تیار کرنے پر بھی زور دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.