کہ بلوچستان کی خواتین کاروبار، جدت اور معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں, بلوچستان ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی
مشیر برائے محکمہ ترقیِ نسواں بلوچستان ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے اور صوبے کی ترقی میں ان کی مؤثر شرکت یقینی بنانے کے لیے کاروباری مواقع، معاون پلیٹ فارم اور سازگار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔
اسلام آباد میں ’’جامع اور مستحکم معاشی بااختیاری و ترقی‘‘ کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین کاروبار، جدت اور معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور کاروباری مواقع تک رسائی بہتر بنانے سے خواتین کی معاشی خودمختاری کے ساتھ صوبے کی جامع اور پائیدار ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ کانفرنس میں بلوچستان کی باصلاحیت خواتین کاروباری شخصیات کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ اس بین الاقوامی فورم نے خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، ان کے نقطۂ نظر کو متعلقہ حلقوں تک پہنچانے اور خواتین کی قیادت میں معاشی ترقی کے امکانات کو نمایاں کرنے کا موقع فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر بااختیار خواتین اپنے خاندانوں کی خوشحالی کے علاوہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے، کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے اور مجموعی معاشی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔
مشیر ترقیِ نسواں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری، کاروباری استعداد میں اضافے اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کی اہمیت اجاگر کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی، تاکہ بلوچستان کی خواتین صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں