تازہ ترین

ڈیجیٹل بانڈز اور مصنوعی ذہانت سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، بلال بن ثاقب

0

پاکستان میں جدید مالیاتی ٹیکنالوجی کے فروغ اور عالمی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ وزیر مملکت اور پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے عالمی بینک گروپ کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں میں ڈیجیٹل فنانس، اثاثوں کی ٹوکنائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے ملک کے مالیاتی نظام کو جدید بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

بلال بن ثاقب نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے علاقائی نائب صدر عماد فاخوری سے ملاقات میں ڈیجیٹل بانڈز، اسلامی سکوک کی ٹوکنائزیشن اور پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری لانے کے امکانات پر گفتگو کی۔

عالمی بینک گروپ کے نائب صدر اور خزانچی جارج فیمیلیئر سے ملاقات میں ڈیجیٹل بانڈز، اثاثوں کی ٹوکنائزیشن اور جدید مالیاتی ٹیکنالوجی کے ذریعے سرمایہ منڈیوں کو مضبوط بنانے کے امور زیر بحث آئے۔

اسی سلسلے میں عالمی بینک کے ڈیجیٹل امور اور مصنوعی ذہانت کے نائب صدر سانگبو کم سے ملاقات کے دوران مالیاتی نگرانی بہتر بنانے، ریگولیٹری اداروں کی استعداد بڑھانے اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عالمی بینک گروپ کی نائب صدر اور کنٹرولر زنگا وینر سے ملاقات میں بلاک چین ٹیکنالوجی کے ذریعے مالیاتی شفافیت، مؤثر نگرانی اور مضبوط ڈیجیٹل مالیاتی اداروں کے قیام پر بھی گفتگو ہوئی۔

چیئرمین پیوارا نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کے ہمراہ بارکلیز کے سرمایہ کاروں کے گول میز اجلاس میں بھی شرکت کی۔

بلال بن ثاقب نے کہا کہ ڈیجیٹل بانڈز، اثاثوں کی ٹوکنائزیشن اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ضابطہ کاری پاکستان کی معیشت کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید مالیاتی ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولنا اور مستقبل کے مالیاتی نظام کی تشکیل میں کردار ادا کرنا مقصد ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.