آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی ترقی اور تنزلی، معاذ صداقت نمایاں
پاکستان کے نوجوان اوپننگ بیٹر معاذ صداقت نے سری لنکا کے خلاف شاندار کارکردگی کی بدولت آئی سی سی ٹی 20 انٹرنیشنل رینکنگ میں بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے 187 درجے ترقی حاصل کر لی ہے۔ وہ 533 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بیٹرز کی فہرست میں 45ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
معاذ صداقت کی یہ ترقی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں مسلسل دو نصف سنچریوں کی بدولت ممکن ہوئی، جس میں پاکستان نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی۔ نوجوان بیٹر نے سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں 96 رنز کی شاندار اننگز بھی کھیلی، جس نے ان کی رینکنگ میں بہتری میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستانی کپتان صاحبزادہ فرحان بیٹرز کی رینکنگ میں 883 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔ بھارت کے ابھیشیک شرما دوسرے جبکہ ایشان کشن پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ دوسری جانب صائم ایوب چار درجے تنزلی کے بعد 550 پوائنٹس کے ساتھ 42ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ سابق کپتان بابر اعظم تین درجے نیچے آ کر 48ویں اور حسن نواز 51ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
سلمان علی آغا کو بھی رینکنگ میں نقصان اٹھانا پڑا اور وہ آٹھ درجے تنزلی کے بعد 520 پوائنٹس کے ساتھ 56ویں نمبر پر آ گئے۔ تاہم فخر زمان نے ایک درجہ بہتری حاصل کرتے ہوئے 473 پوائنٹس کے ساتھ 81ویں پوزیشن سنبھال لی۔
بولرز کی ٹی 20 رینکنگ میں پاکستانی اسپنر ابرار احمد تین ابتدائی پوزیشنوں سے نیچے آ کر 695 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ افغانستان کے راشد خان پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا دوسرے اور انگلینڈ کے عادل رشید تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
پاکستان کے فاسٹ بولر سلمان مرزا نے نمایاں بہتری حاصل کی اور نو درجے ترقی کے بعد 635 پوائنٹس کے ساتھ 14ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ دوسری جانب محمد نواز چھ درجے تنزلی کے بعد 626 پوائنٹس کے ساتھ 18ویں، شاہین آفریدی چار درجے نیچے آ کر 40ویں جبکہ سفیان مقیم تین درجے تنزلی کے بعد 53ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں صائم ایوب نے آٹھ درجے ترقی کرتے ہوئے 54ویں پوزیشن حاصل کی۔ عثمان طارق چار درجے نیچے آ کر 67ویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ شاداب خان نے تین درجے بہتری کے ساتھ 74ویں پوزیشن حاصل کر لی۔ تازہ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی ملے جلے نتائج کی عکاسی کرتی ہے، تاہم معاذ صداقت کی غیر معمولی ترقی نمایاں رہی۔