تازہ ترین

پاکستان اور روس کا منظم جرائم کے خلاف تعاون بڑھانے کے لیے اہم معاہدہ

0

پاکستان اور روس نے منظم جرائم کے خلاف مشترکہ کارروائیوں اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔ روسی وزیر داخلہ ولادی میر کولوکولٹسف کے دورۂ پاکستان کے دوران ہونے والی پیش رفت میں حوالگی اور قیدیوں کی منتقلی سے متعلق معاہدوں کو حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے روسی وزیر داخلہ کی ملاقات کے بعد منظم جرائم کے خلاف تعاون بڑھانے کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے پاکستان اور روس کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت اجاگر کی۔

وزیراعظم نے روس کے ساتھ دوستانہ تعلقات مضبوط بنانے اور موجودہ دوطرفہ طریقہ کار سے مؤثر انداز میں فائدہ اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور اقتصادی ترقی سمیت مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ روسی وزیر داخلہ نے بھی دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور معاشی و تجارتی روابط بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ولادی میر کولوکولٹسف کے درمیان وزارت داخلہ اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات کیے گئے۔ دونوں ممالک نے منظم جرائم، سائبر کرائم، منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کے خلاف تعاون بڑھانے اور ریڈمیشن معاہدے پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔

وزارت داخلہ کے مطابق پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس اور روس کے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری مضبوط بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے ورکنگ گروپس جلد ایک دوسرے کے ممالک کا دورہ کریں گے تاکہ تعاون کے مزید امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔

پاکستان کی نیشنل پولیس اکیڈمی اور روس کے متعلقہ ادارے کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر بھی اتفاق ہوا، تاکہ تجربات کا تبادلہ کیا جا سکے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بہتر بنائی جا سکے۔ محسن نقوی نے منظم جرائم کی روک تھام سے متعلق مجوزہ معاہدے کو دوطرفہ تعاون کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ پاکستان سائبر کرائم سے نمٹنے کے لیے روس کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

ملاقات میں روسی وزیر داخلہ نے بتایا کہ مؤثر اقدامات کے ذریعے ان کے ملک میں سائبر کرائم میں 33 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت سمیت منظم جرائم کی مختلف اقسام کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دونوں ممالک نے معلومات کے تبادلے، ادارہ جاتی رابطوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مذاکرات میں پاکستانی ہنرمند کارکنوں کو روس بھیجنے، سیاحوں اور کاروباری افراد کے لیے ویزا طریقہ کار آسان بنانے اور سائبر کرائم کے خلاف مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ ویزا طریقہ کار میں آسانی سے عوامی روابط اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 1,300 پاکستانی طلبہ روس میں زیر تعلیم ہیں اور پاکستان چاہتا ہے کہ مزید طلبہ اعلیٰ تعلیم کے لیے روس جائیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.