چین: سندھ اور چین کے درمیان تعلیمی و سائنسی تعاون کو نئی جہت دینے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مصنوعی ذہانت، جدید تحقیق اور اساتذہ کی تربیت کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کی تجاویز پیش کردی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ سینٹرل چائنا نارمل یونیورسٹی پہنچے، جہاں یونیورسٹی کے نائب صدر مسٹر لی اور فیکلٹی اراکین نے ان کا استقبال کیا۔ وفد میں صوبائی وزرا شرجیل میمن اور جام خان شورو، معاون خصوصی قاسم نوید اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے ڈیجیٹل تدریسی کلاسوں کا مشاہدہ کیا اور یونیورسٹی میں ڈیجیٹل لرننگ کے نظام سے متعلق بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے یونیورسٹی کی قیادت سے ملاقات میں تعلیمی تعاون، مشترکہ منصوبوں اور سندھ کے تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط بڑھانے کے امکانات پر گفتگو کی۔
سید مراد علی شاہ نے سندھ کی جامعات اور سینٹرل چائنا نارمل یونیورسٹی کے درمیان طلبہ کے تبادلے، اساتذہ کی تربیت اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کو فروغ دینے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت، قابلِ تجدید توانائی اور اسمارٹ سٹیز کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
وزیراعلیٰ نے چینی زبان کی تعلیم کے فروغ اور سندھ و چین کے تعلیمی اداروں کے درمیان ثقافتی روابط مضبوط بنانے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم مختلف قوموں کو قریب لانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی اور چینی جامعات کے درمیان تعاون نوجوانوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے بہتر مواقع فراہم کرسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں 60 سے زائد جامعات اور تکنیکی ادارے موجود ہیں، جہاں سے ہر سال دو لاکھ سے زیادہ طلبہ فارغ التحصیل ہوتے ہیں۔ سندھ حکومت ڈیجیٹل خواندگی، فنی تربیت اور بین الاقوامی تعلیمی تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دے رہی ہے۔
سید مراد علی شاہ نے موسمیاتی تبدیلی، ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار ترقی کو موجودہ دور کے اہم چیلنجز قرار دیتے ہوئے سینٹرل چائنا نارمل یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کو سندھ کے دورے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ و طا