کوئٹہ: بلوچستان کے نوجوانوں نے پاک فوج میں شمولیت کے بعد بنیادی فوجی تربیت مکمل کرکے ملکی دفاع کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی جانب اہم قدم اٹھا لیا، بلوچ ٹریننگ ونگ کوئٹہ میں بیسک ملٹری ٹریننگ 22 کی پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں 173 جوان باقاعدہ پاک فوج کا حصہ بن گئے۔
تقریب میں جنرل آفیسر کمانڈنگ کوئٹہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ میں تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کے اہلِ خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب کے دوران جوانوں کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا گیا اور ان کی تربیت مکمل ہونے کو اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے جوانوں نے پاک فوج میں سپاہی کی حیثیت سے شمولیت اور کامیابی سے تربیت مکمل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی مرضی اور جذبے کے ساتھ فوج میں بھرتی ہوئے ہیں اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کا عزم رکھتے ہیں۔