بلوچستان میں معدنی شعبے کی ترقی، وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردیں
کوئٹہ: بلوچستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے مائنز اونرز کے مسائل حل کرنے اور قابلِ عمل تجاویز پر غور کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے میر بہروز ریکی کی قیادت میں مائنز اونرز کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے کے معدنی وسائل سے مؤثر استفادے، کان کنی کے شعبے کو درپیش مشکلات اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفد نے وزیراعلیٰ کو کان کنی کے شعبے میں پیش آنے والی عملی مشکلات سے آگاہ کیا اور تجویز دی کہ معدنیات کے شعبے کی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور دستیاب قدرتی وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرنے پر توجہ دی جائے۔
وفد کا کہنا تھا کہ معدنیات کا شعبہ بلوچستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اس شعبے میں ترقیاتی اقدامات اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، مقامی کاروبار کو وسعت دینے اور صوبائی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے وفد کے مسائل اور تجاویز غور سے سنیں اور متعلقہ حکام کو قابلِ عمل تجاویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سیکرٹری مائنز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل کو عوامی مفاد، معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے مؤثر انداز میں بروئے کار لانا ضروری ہے۔
ملاقات میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز سیدال خان لونی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔