تازہ ترین

190 ملین پاؤنڈ کیس: بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست مسترد

0

190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی کو سزا معطلی کے معاملے پر عدالت سے ریلیف نہ مل سکا، وفاقی آئینی عدالت نے ان کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

اسلام آباد میں چیف جسٹس امین الدین کی سربراہی میں وفاقی آئینی عدالت کے دو رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے اپنے دلائل میں کہا کہ خواتین کے مقدمات میں عدالتیں نرم رویہ اختیار کرتی رہی ہیں، جبکہ اس کیس میں نیب کا گزشتہ تیرہ ماہ کا طرزِ عمل قابل اعتراض رہا۔

وکیل سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے بار بار التوا کی درخواستیں دائر کی گئیں۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سزا سنائے جانے کے بعد اب سزا معطلی اور ریلیف کی درخواست منظور کرنے کا قانونی جواز موجود ہے۔

بشریٰ بی بی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے دلائل اور مقدمے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سزا معطلی کی درخواست منظور کی جائے۔ تاہم عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.