تازہ ترین

بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مواقع دینا روشن مستقبل کیلئے اہم ہے، عبدالمالک بلوچ

0

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے بانی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری تعلیمی اقدامات اور مختلف اسکالرشپ پروگرامز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ صوبے کے باصلاحیت، مستحق اور میرٹ پر پورا اترنے والے طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف اسکالرشپ پروگرامز پر عملدرآمد کر رہا ہے۔

اس موقع پر بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا استقبال کیا اور انہیں ادارے کے مختلف امور، اسکالرشپ پروگرامز اور طلبہ و طالبات کی تعلیمی معاونت کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مختلف اسکالرشپ پروگرامز کا مقصد مالی معاونت کے ذریعے طلبہ و طالبات کا تعلیمی سفر جاری رکھنے اور انہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

ادارے کی جانب سے مکمل مالی معاونت پر مبنی ضلع ٹاپر اسکالرشپ کے تحت ہر ضلع کی سطح پر نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو تعلیم جاری رکھنے کے لیے مکمل مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

اسی طرح ٹرانس جینڈر اسکالرشپ کے ذریعے ٹرانس جینڈر طلبہ کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے اور ان کی تعلیمی ضروریات میں معاونت کے لیے وظائف دیے جاتے ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی جانب سے طلبہ و طالبات کے لیے جاری مختلف اسکالرشپ پروگرامز اور تعلیمی اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا صوبے کے روشن مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اس امر پر زور دیا کہ تعلیمی وظائف کی فراہمی میں میرٹ، شفافیت اور مستحق طلبہ تک رسائی کو بنیادی اہمیت دی جائے تاکہ تعلیمی معاونت حقیقی حقدار طلبہ تک پہنچ سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.