اسلام آباد آنے والے پرامن شہریوں کو خوش آمدید، دہشت گرد بن کر آئے تو واپسی نہیں ہوگی: طلال چوہدری
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاج اور مارچ کے اعلان کے بعد وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی کی جانب سے سخت بیانات سامنے آئے ہیں، جہاں حکومت نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کا اعلان کیا ہے جبکہ پی ٹی آئی نے متعدد راستوں سے وفاقی دارالحکومت پہنچنے کا عندیہ دیا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے خبردار کیا کہ پرامن شہری اسلام آباد آ سکتے ہیں، تاہم کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر مکمل عمل درآمد کرے گی۔
طلال چوہدری نے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کی تیاری کرنے والوں کو صوبے میں دہشت گردی، صحت اور تعلیم سمیت دیگر مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے پی ٹی آئی قیادت کے بعض بیانات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے مردان میں کارکنوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 ستمبر کو کارکن صرف ایک راستے سے نہیں بلکہ متعدد راستوں سے اسلام آباد کی جانب جائیں گے۔
جنید اکبر کے مطابق کارکن موٹروے اور جی ٹی روڈ کے علاوہ مارگلہ ہلز اور ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے بھی اسلام آباد پہنچنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے گزشتہ احتجاج کے دوران جانی نقصان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ پارٹی کارکن خاموش نہیں رہیں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ پہلے ہی قرار دے چکی ہے کہ کوئی سیاسی جماعت یا سرکاری عہدیدار دارالحکومت کی سڑکیں، شاہراہیں یا سرکاری عمارتیں احتجاج کے نام پر بند نہیں کرسکتا، جبکہ حکومت نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔