تازہ ترین

اسلام آباد کے بڑے اسپتال ہائی الرٹ، طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ

0

اسلام آباد میں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وفاقی دارالحکومت کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں ہنگامی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جبکہ پمز کے بعد پولی کلینک کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ دستیاب رپورٹ کے مطابق ہائی الرٹ 30 ستمبر تک برقرار رہے گا۔

جاری ہدایات کے مطابق پمز میں میڈیکل اور نان میڈیکل شعبوں کے سربراہان کو ہنگامی صورتحال کی صورت میں اسپتال میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ طبی عملے کی چھٹیاں بھی محدود کردی گئی ہیں۔

اسپتال انتظامیہ نے ایمرجنسی، ٹراما سینٹر، آئی سی یو، سرجری، بلڈ بینک اور آپریشن تھیٹرز میں اضافی عملے کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اسپتال میں زیادہ سے زیادہ بیڈز، اسٹریچرز اور وہیل چیئرز دستیاب رکھنے کے ساتھ خون اور ضروری ادویات کا مناسب ذخیرہ یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

پمز میں ہنگامی صورتحال کی صورت میں ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر شرجیل کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ شعبے کو تمام ایمبولینسز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح سرجری، نیوروسرجری، آرتھوپیڈک اور دیگر متعلقہ شعبوں میں اضافی عملے کی ڈیوٹیاں لگانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

دوسری جانب پولی کلینک انتظامیہ نے بھی تمام شعبوں کے سربراہان اور ڈاکٹرز کو دستیاب رہنے کی ہدایت کی ہے۔ میڈیکل افسران، ٹرینی ڈاکٹرز، ہاؤس افسران اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھی شہر میں موجود رہنے کا کہا گیا ہے۔

پولی کلینک انتظامیہ کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں ڈاکٹر تنویر ملک فوکل پرسن کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ اسسٹنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کو بھی ضروری انتظامات سے متعلق ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.