چاغی بازار سے قائم مقام ایس ایچ او گل شاہ مبینہ طور پر اغوا
بلوچستان کے ضلع چاغی میں قائم مقام ایس ایچ او کی مبینہ طور پر مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا کی اطلاع کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ مغوی پولیس افسر کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق قائم مقام ایس ایچ او تھانہ چاغی، اے ایس آئی گل شاہ چاغی بازار کے بس اڈے پر اکیلے موجود تھے کہ چار نامعلوم مسلح افراد خاکی رنگ کی لینڈ کروزر میں وہاں پہنچے۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد اے ایس آئی گل شاہ کو اپنی گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام کی جانب روانہ ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے میں کارروائی شروع کردی۔
مغوی پولیس افسر کی بازیابی کے لیے مختلف مقامات پر تلاش اور کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ واقعے کے محرکات اور ملوث افراد سے متعلق تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات میں پیش رفت کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔