تازہ ترین

پیٹرول کے بعد بجلی بھی مہنگی ہونے کا امکان`قیمت میں 1.73 روپے اضافے کی تجویز

0

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بجلی صارفین پر بھی اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت بڑھانے کے لیے نیپرا سے رجوع کرلیا ہے۔

درخواست میں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ نیپرا اس درخواست پر 29 ستمبر کو سماعت کرے گی، جس کے بعد اضافے کی منظوری یا مسترد کیے جانے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

مجوزہ اضافے کی منظوری کی صورت میں ملک بھر کے بجلی صارفین متاثر ہوسکتے ہیں، جبکہ کراچی میں کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی اس اضافے کے اطلاق کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اگست کے دوران تقسیم کار کمپنیوں کو مجموعی طور پر 14 ارب 46 کروڑ 40 لاکھ یونٹ بجلی فراہم کی گئی، جبکہ فراہم کردہ بجلی کی اوسط لاگت 8 روپے 82 پیسے فی یونٹ رہی۔

اگست میں مجموعی بجلی پیداوار میں پانی سے پیدا ہونے والی بجلی کا حصہ 37.84 فیصد، مقامی کوئلے کا 10.88 فیصد اور درآمدی کوئلے کا 15.59 فیصد رہا۔

اسی عرصے میں فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 2.15 فیصد، مقامی گیس کا 7.04 فیصد جبکہ درآمدی ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کا حصہ 8.48 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

سی پی پی اے کے اعداد و شمار کے مطابق اگست میں فرنس آئل سے بجلی پیدا کرنے کی لاگت 45 روپے 25 پیسے فی یونٹ جبکہ درآمدی ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 45 روپے 92 پیسے فی یونٹ رہی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.