تازہ ترین

ڈسکوز کی نجکاری میں ترک کمپنیوں کی دلچسپی، حکومت کا خیرمقدم

0

اسلام آباد: پاکستان میں بجلی کی تقسیم کے نظام میں اصلاحات اور نجی شعبے کی شمولیت کے عمل کے دوران ترک سرمایہ کاروں نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں دلچسپی ظاہر کردی ہے، جس کا حکومت نے خیرمقدم کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا ہے۔

یہ پیش رفت پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو اور وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کے درمیان جمعہ کو ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی۔ ملاقات میں بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات، ڈسکوز کی نجکاری کے عمل، ترک سرمایہ کاری میں دلچسپی اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر توانائی نے بتایا کہ پاور ڈویژن نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے ضروری پالیسی، اصلاحاتی اور ادارہ جاتی کام مکمل کرلیا ہے، جبکہ نجکاری کا باضابطہ عمل متعلقہ فورم اور نجکاری کمیشن کے ذریعے آگے بڑھایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی تقسیم کے نظام کی کارکردگی بہتر بنانے، مالی استحکام یقینی بنانے، طرز حکمرانی میں بہتری اور صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ ان اصلاحات میں نجی شعبے کی مؤثر شمولیت کو بھی اہمیت دی جارہی ہے۔

سردار اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون پہلے ہی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔ ان کے مطابق ترکیہ کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے توانائی شعبے کے اہم اداروں کے درمیان تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے تھے، جن سے بجلی کی منڈیوں، ترسیل اور تقسیم کے شعبوں میں ادارہ جاتی تعاون کے لیے فریم ورک فراہم ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے ڈسکوز کی نجکاری کے عمل میں ترک کمپنیوں کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبے میں ترک کمپنیوں کا تجربہ اور مہارت پاکستان میں جاری بجلی کے شعبے کی اصلاحات میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کے دیگر مواقع تلاش کرنے کی بھی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اب صرف تجربات کے تبادلے تک محدود نہیں بلکہ ادارہ جاتی روابط، تکنیکی تعاون اور نئی سرمایہ کاری کی جانب بھی بڑھ رہا ہے۔

ترک سفیر نے پاکستان میں بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور نجی شعبے کی شمولیت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ترک کمپنیوں کی پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی ہے اور ڈسکوز کی نجکاری کے عمل میں ان کی شرکت دونوں ممالک کے معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتی ہے۔

ملاقات کے اختتام پر توانائی کے شعبے میں اصلاحات، سرمایہ کاری، تکنیکی تعاون اور نجی شعبے کی شمولیت کے حوالے سے باہمی تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.