تازہ ترین

تمپ میں ڈپٹی کمشنر کے اسکواڈ پر حملہ ناکام، دہشتگرد گاڑی اور اسلحہ چھوڑ کر فرار

0

مکران کے ضلع تمپ میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کے پروٹیکشن اسکواڈ کو نشانہ بنانے کی دہشتگردوں کی کوشش ناکام بنادی، حملہ آور شدید جوابی کارروائی کے بعد اپنی گاڑی اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے ڈپٹی کمشنر تمپ کی گاڑی کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے پروٹیکشن اسکواڈ کے اہلکاروں کو اغوا کرنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کے عزائم ناکام بنا دیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر کے اسکواڈ میں شامل تمام اہلکار محفوظ رہے۔ فائرنگ کے دوران سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں پر شدید دباؤ برقرار رکھا، جس کے باعث دہشتگرد اپنی گاڑی اور اسلحہ موقع پر چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں ’’فتنہ ہندوستان‘‘ سے وابستہ متعدد حملہ آوروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کارروائی جاری رکھتے ہوئے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک دشمن اور ریاست مخالف عناصر کے مکمل خاتمے تک بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک کے امن و سلامتی سمیت عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.