پشاور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی نے 27 ستمبر کو ہونے والے مارچ کو پُرامن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف انصاف مارچ ہوگا، جس میں نہ انتشار ہوگا اور نہ ہی سرکاری وسائل استعمال کیے جائیں گے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمن سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت بھی دے دی۔
پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ صوبے آزمائشی بنیادوں پر نہیں بننے چاہئیں اور صوبوں کے معاملے میں جلد بازی سے گریز کرنا چاہیے۔ ایسے اقدامات نہیں ہونے چاہئیں جن سے وفاق کو نقصان پہنچے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صوبوں سے متعلق بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے الفاظ واپس لیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان اور ’را‘ کا کردار ہے، اس لیے پاکستان کے دشمنوں کو سپورٹ نہیں کیا جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ذاتی اور سیاسی بیانات اپنی جگہ، لیکن ملک کا امن و امان سب سے مقدم ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو سندھ میں اسٹریٹ موومنٹ کے دوران ملنے والی پذیرائی سے پی ٹی آئی کا حوصلہ بڑھا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام اب اسٹیٹس کو سے نجات چاہتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ پُرامن ہوگا اور یہ شوقیہ مارچ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کسی قسم کا انتشار نہیں ہوگا اور سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے امید ظاہر کی کہ مولانا فضل الرحمن اور تمام جوائنٹ اپوزیشن 27 ستمبر کے مارچ میں پی ٹی آئی کے ساتھ شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام جمہوری انداز میں تبدیلی چاہتے ہیں، جس میں تمام لوگوں کے حقوق محفوظ ہوں اور نئے انتخابات ہوں۔ ان کے مطابق صلح حدیبیہ کی طرز پر صلح پاکستان ہونی چاہیے، جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں اور سب کے حقوق محفوظ رہیں۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ عوام سیاسی تناؤ اور تقسیم سے بیزار ہوچکے ہیں۔ صوبوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نئے صوبے آزمائشی طور پر نہیں بننے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں 150 سال سے 52 ریاستیں ہیں جبکہ اس عرصے میں آبادی میں پانچ گنا اضافہ ہوا، جبکہ بھارت کی ریاست اتر پردیش کی آبادی تقریباً 25 کروڑ ہے جو پاکستان کی مجموعی آبادی سے بھی زیادہ ہے۔