عبدالرحمان لانگو کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، ضیاء اللہ لانگو
بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی صدر اور یونین کونسل باغک کے چیئرمین عبدالرحمان لانگو کے قتل پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مخلص، سماجی کارکن اور عوام دوست شخصیت قرار دیا ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ عبدالرحمان لانگو عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ متحرک رہتے تھے اور علاقے کے لوگوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے ان کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے تھے۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے عبدالرحمان لانگو کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
انہوں نے کہا کہ عبدالرحمان لانگو کے عوامی خدمت کے جذبے اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی خدمات علاقے کے عوام کے لیے قابلِ قدر سرمایہ ہیں۔
صوبائی وزیر داخلہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
انہوں نے عبدالرحمان لانگو کے اہل خانہ اور دیگر لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔
عبدالرحمان لانگو کو نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش کی جا رہی ہے۔