پاکستان 15 نومبر سے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا
اسلام آباد: پاکستان 15 اور 16 نومبر کو اسلام آباد میں اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس میں رکن ممالک کے درمیان علاقائی تجارت، اقتصادی تعاون اور باہمی رابطوں کے فروغ سے متعلق امور زیرِ بحث آئیں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے افغان طالبان حکومت کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی۔ وزارت خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بھی افغان طالبان حکومت کو دعوت نہ دیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان 2026-27 کے لیے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کی صدارت کر رہا ہے، جس کے تحت اسلام آباد میں یہ اہم اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران رکن ممالک کے درمیان تجارتی روابط مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ خطے میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوں اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔