سینیگال کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، 34 افراد ہلاک
سینیگال کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی ایک کشتی سمندر میں الٹنے سے کم از کم 34 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ صرف ایک شخص کو زندہ بچایا جاسکا۔ حادثے کے بعد متعدد مسافر تاحال لاپتا ہیں۔
کشتی میں سوار افراد یورپ پہنچنے کے لیے اسپین کے جزائر کینری کی جانب سفر کررہے تھے۔ حادثے میں ملنے والی لاشوں کی شناخت سینیگال کے شہریوں کے طور پر ہوئی ہے، تاہم دیگر مسافروں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔
سینیگال کی سرکاری پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ کے ایک سرکاری ذریعے نے بتایا ہے کہ حادثے میں ایک شخص کو زندہ بچالیا گیا، تاہم لاپتا افراد کی حتمی تعداد ابھی معلوم نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب نومبر کے آغاز سے اب تک 30 سے زائد کشتیوں کے ذریعے ہزاروں تارکین وطن جزائر کینری پہنچ چکے ہیں۔ ان میں سے 3 ہزار 300 سے زائد افراد جزیرے ال ہیرو پہنچے ہیں۔
سینیگال کے صدر بصیرو دیومائے فائے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ خطرناک سمندری راستوں کے ذریعے یورپ پہنچنے کی کوشش میں اپنی زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں۔