بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی صدر عبدالرحمان لانگو فائرنگ سے جاں بحق
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد نے بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی صدر عبدالرحمان لانگو کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کلی بھٹو کے قریب پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے عبدالرحمان لانگو کو ان کے گھر کے باہر نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں عبدالرحمان لانگو شدید زخمی ہوئے، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کردی گئی ہے۔ حملے کے محرکات تاحال سامنے نہیں آسکے۔
عبدالرحمان لانگو کا شمار نوشکی کی اہم سیاسی و سماجی شخصیات میں ہوتا تھا۔ وہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی صدر ہونے کے ساتھ یونین کونسل باغک کے چیئرمین بھی تھے۔
واقعے کے بعد علاقے کے سیاسی و سماجی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔