تازہ ترین

مولانا اسجد محمود گرفتار، اہلِ خانہ کو آدھے گھنٹے میں گھر خالی کرنے کا کہا گیا، جے یو آئی

0

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے اہلِ خانہ سے متعلق انتظامیہ کی کارروائی پر سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ جے یو آئی (ف) نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کرنے کے بعد اہلِ خانہ کو گھر سے نکال کر مکان سیل کردیا گیا۔

جے یو آئی (ف) کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان اسلم غوری نے بتایا کہ انتظامیہ نے اہلِ خانہ کو گھر خالی کرنے کے لیے صرف آدھے گھنٹے کی مہلت دی۔ ان کے مطابق اہلِ خانہ کو گھر سے نکالنے کے بعد رہائش گاہ کو سیل کردیا گیا۔

اسلم غوری نے الزام عائد کیا کہ کارروائی کے دوران گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا۔ انہوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ظلم و جبر کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے ترجمان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مولانا فضل الرحمان لاہور میں نظر بند ہیں، جبکہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کا پولیس نے گھیراؤ کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت نے غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے احترام میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں اپنا احتجاج مؤخر کیا تھا، لیکن ان کے بقول حکومت نے اس تحمل کا جواب اشتعال انگیزی سے دیا۔

اسلم غوری نے سوال اٹھایا کہ اگر جے یو آئی امن چاہتی ہے تو حکومت تصادم پر کیوں تُلی ہوئی ہے اور حکمران کس کے اشارے پر حالات خراب کررہے ہیں؟

انہوں نے مطالبہ کیا کہ رہائش گاہ کا گھیراؤ فوری طور پر ختم کیا جائے اور خواتین و بچوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور اشتعال میں نہ آنے کی ہدایت کی ہے۔ اسلم غوری کے مطابق کارکن قیادت کے آئندہ لائحہ عمل اور ہدایات کا انتظار کریں اور موجودہ صورتحال میں نظم و ضبط برقرار رکھیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.