پاکستان اور ترکیہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور سیاسی روابط کو عملی اقتصادی فوائد میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فیدان سے ملاقات کی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ ملاقات مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک اپنے مضبوط سیاسی تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں ٹھوس اقتصادی فوائد میں تبدیل کریں گے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قریبی رابطے اور تعاون برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ترک وزیر خارجہ حکان فیدان نے پاکستان کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔