تازہ ترین

بنگلہ دیش میں کم از کم اجرت میں اضافے کے مطالبے پر احتجاج، پولیس کی آنسو گیس شیلنگ

0

بنگلہ دیش میں گارمنٹس انڈسٹری کے مزدوروں نے کم از کم اجرت میں اضافے کے حکومتی فیصلے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے احتجاج شروع کردیا، جس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل اور ساؤنڈ گرینیڈ استعمال کیے، جبکہ مظاہرین نے پولیس کی ایک موٹر سائیکل کو بھی آگ لگا دی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات کو دارالحکومت ڈھاکا کے قریب صنعتی مرکز غازی پور میں اس وقت احتجاج شروع ہوا جب مزدوروں نے زیادہ اجرت کے مطالبے پر ایک اہم شاہراہ بند کرنے کی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق مظاہرین نے ایک پولیس موٹر سائیکل نذر آتش کی، تاہم بعدازاں صورتحال پر قابو پالیا گیا۔

غازی پور انڈسٹریل پولیس کے سپرنٹنڈنٹ محمد امجد حسین نے بتایا کہ علاقے میں اب صورتحال پُرسکون ہے، تاہم پولیس ہائی الرٹ ہے۔

یہ احتجاج حکومت کی مقرر کردہ چھ رکنی کمیٹی کی جانب سے گارمنٹس ورکرز کی کم از کم اجرت میں 36 فیصد اضافے کی منظوری کے ایک روز بعد شروع ہوا۔ اس اضافے کو گزشتہ چار دہائیوں کے دوران سب سے کم قرار دیا گیا ہے، جبکہ مزدور کئی ہفتوں سے کم از کم اجرت دوگنا کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

اجرت میں اضافے کا فیصلہ بدھ کی علی الصبح مزدوروں اور فیکٹری مالکان کے نمائندوں کے درمیان تقریباً 12 گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد کیا گیا، تاہم اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی احتجاج شروع ہوگیا۔

مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ 36 فیصد اضافہ ان کے مطالبات سے بہت کم ہے اور اس سے مزدوروں کو باعزت زندگی گزارنے کے لیے درکار آمدن حاصل نہیں ہوسکے گی۔

رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی گارمنٹس انڈسٹری سے 40 لاکھ سے زائد افراد وابستہ ہیں۔ مزدوروں کے کئی ہفتوں سے جاری احتجاج کے باعث متعدد فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں، شاہراہیں بلاک ہوئی ہیں، املاک کو نقصان پہنچا ہے اور صنعتی پیداوار بھی متاثر ہوئی ہے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی بھارت میں جلاوطنی کے بعد وطن واپسی کے منصوبے سے متعلق سیاسی کشیدگی اور تشدد نے بھی ملک میں دوبارہ عدم استحکام کے خدشات بڑھا دیے ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش چین کے بعد دنیا کا دوسرا بڑا گارمنٹس برآمد کنندہ ملک ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.