تازہ ترین

درآمدی گندم کا ایک اور جہاز کراچی پہنچ گیا، سندھ میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کا امکان

0

سندھ میں گندم کی سرکاری فراہمی بہتر بنانے کے لیے 54 ہزار 821 ٹن درآمدی گندم لے کر ایک اور بحری جہاز کراچی پورٹ پہنچ گیا، جس کے بعد صوبے میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رومانیہ سے آنے والا بحری جہاز ایم وی یانگ ژی الفا جی ٹی ایم ایل ٹرمینل پر لنگر انداز ہو گیا ہے، جبکہ گندم کی اَن لوڈنگ جلد شروع کی جائے گی۔ کراچی کی تمام فلور ملز کو پانچ ہزار بوریاں فراہم کی جائیں گی۔

سندھ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو روزانہ پانچ ہزار ٹن گندم اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ فلور ملز کو بھی پورٹ سے براہِ راست درآمدی گندم اٹھانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

محکمہ خوراک سندھ نے درآمدی گندم کے آٹے کا ایکس مل نرخ 138 روپے فی کلو مقرر کیا ہے اور فلور ملز کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری گندم سے تیار کردہ آٹا مقررہ نرخ پر فروخت کیا جائے۔

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی درآمدی گندم کراچی کی فلور ملز کو منتقل کرنے کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔ حکام کی جانب سے 54 ہزار 821 ٹن گندم کی آمد کے ذریعے سندھ میں سرکاری گندم کی فراہمی بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.