پشاور کے علاقے متنی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ دیگر ملزمان رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ کارروائی کے بعد علاقے میں فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کے مطابق دہشت گرد پاسانی روڈ، ادیزی خوڑ متنی کے علاقے میں موجود تھے اور پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے سمیت سرکاری تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ مصدقہ اطلاع ملنے پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی ٹیموں اور پاک فوج کے جوانوں نے جدید اسلحے سے لیس ہو کر علاقے میں پہنچ کر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے گھات لگائی۔
حکام کے مطابق فورسز کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے شدید فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوانوں نے اپنے تحفظ اور دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا تو تین دہشت گرد ہلاک پائے گئے۔
ہلاک ہونے والوں کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ دیگر دہشت گرد فرار ہوگئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے دو کلاشنکوف، ایک پستول، تین ہینڈ گرنیڈ، پانچ میگزین اور قومی شناختی کارڈز بھی برآمد کیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس، سی ٹی ڈی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور انہیں ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔