تازہ ترین

چین کے 19 نشستوں والے برقی مسافر طیارے کی پہلی انسانی آزمائشی پرواز کامیاب

0

بیجنگ: چین نے ہوا بازی کے شعبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے بیٹری سے چلنے والے 19 نشستوں کے حامل تجارتی مسافر طیارے سی ای 25 اے کی پہلی انسانی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کرلی ہے۔ تقریباً 10 ٹن وزنی اس طیارے کو روایتی فضائی ایندھن کے متبادل کے طور پر برقی ہوا بازی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے نے ہفتے کے روز چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے شہر بن ژو میں اپنی پہلی انسانی عملے کے ساتھ آزمائشی پرواز مکمل کی۔ پرواز کے دوران دو پائلٹس اور ایک فلائٹ ٹیسٹ انجینئر طیارے میں موجود تھے۔

سی ای 25 اے کو چین کی سرکاری ایرو اسپیس کمپنی کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنا (کومیک)، بیٹری ساز ادارے سی اے ٹی ایل، شنگھائی جیاؤ تونگ یونیورسٹی اور دیگر شراکت دار اداروں نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ 19 نشستوں والا تجارتی مسافر طیارہ مکمل طور پر بیٹری سے حاصل ہونے والی برقی توانائی پر پرواز کرتا ہے۔

اس سے قبل طیارے کی بغیر پائلٹ کے 19 خودکار آزمائشی پروازیں بھی مکمل کی جاچکی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق اس کی زیادہ سے زیادہ پرواز کی بلندی 2 ہزار 400 میٹر، رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ اور پرواز کی حد 400 کلومیٹر ہے۔

پہلی انسانی آزمائشی پرواز سمیت مکمل ٹیسٹ سیشن 57 منٹ اور 46 سیکنڈ جاری رہا، جبکہ طیارے نے 16 منٹ سے زائد وقت فضا میں گزارا اور 60.4 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ کومیک کے مطابق آزمائشی پرواز کے دوران طیارے نے معمول کے مطابق کام کیا اور کارکردگی کے تمام اشاریے توقعات پر پورے اترے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آسٹریا میں 21 اکتوبر 1973 کو موٹر گلائیڈر ایم بی ای ون نے انسانی موجودگی میں بیٹری سے چلنے والے مکمل سائز کے برقی طیارے کی پہلی پرواز کا اعزاز حاصل کیا تھا، تاہم چین کا سی ای 25 اے اس نوعیت کا پہلا 19 نشستوں والا تجارتی مسافر طیارہ ہے۔

چین کی سول ایوی ایشن انتظامیہ نے طیارے کے لیے ٹائپ سرٹیفکیٹ کی درخواست بھی وصول کرلی ہے، جو اس کی تجارتی تیاری اور استعمال کی جانب اہم مرحلہ ہے۔ ماہرین کے مطابق برقی طیاروں کی تیاری سے روایتی فضائی ایندھن پر انحصار کم کرنے اور آلودگی میں کمی کے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.