فرانس میں بڑا سائبر حملہ، 2 کروڑ 20 لاکھ افراد کا ڈیٹا خطرے میں پڑ گیا
پیرس: فرانس میں بڑے سائبر حملے کے بعد تقریباً 2 کروڑ 20 لاکھ افراد کی ذاتی معلومات چوری یا متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ طبی مراکز اور لیبارٹریوں سے متعلق حساس ڈیٹا کے افشا ہونے کے امکانات نے شہریوں میں تشویش پیدا کردی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سائبر حملے کے نتیجے میں لاکھوں شہریوں کی نجی معلومات کی سلامتی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کتنے افراد کا ڈیٹا حقیقتاً چوری ہوا ہے اور کون سی مخصوص معلومات اس حملے سے متاثر ہوئی ہیں۔
واقعے کے بعد فرانسیسی حکام نے تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ حملے کے دائرہ کار اور متاثرہ معلومات کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے سکیورٹی جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔
طبی مراکز اور لیبارٹریوں سے منسلک معلومات کے ممکنہ افشا ہونے نے شہریوں کے طبی ریکارڈ اور دیگر حساس ڈیٹا کے تحفظ سے متعلق خدشات بڑھا دیے ہیں۔ اس صورتحال کے بعد فرانس میں صحت کے شعبے سے وابستہ اداروں کی سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹل معلومات کے تحفظ کے انتظامات پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
حکام کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ڈیٹا چوری کی اصل نوعیت، متاثرہ افراد کی تعداد اور افشا ہونے والی معلومات کی تفصیلات سامنے آسکیں گی۔