عالمی منڈی میں خام تیل سستا، برینٹ 95.30 ڈالر فی بیرل پر آگیا
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں برینٹ اور امریکی خام تیل دونوں سستے ہوگئے ہیں۔ تیل کی ترسیل میں بہتری اور چین میں طلب کم ہونے کے اشاروں نے عالمی مارکیٹ پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیر کے روز برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 54 سینٹ یعنی 0.6 فیصد کمی کے بعد 95.30 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 23 سینٹ یعنی 0.26 فیصد کمی کے بعد 88.33 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
قیمتوں میں کمی کی اہم وجوہات میں مشرقِ وسطیٰ سے آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی ترسیل کا جنگ سے پہلے کی سطح کے قریب پہنچنا اور چین میں خام تیل کی طلب کم ہونے کے اشارے شامل ہیں۔ معاشی ماہرین کے مطابق اگر عالمی منڈی میں طلب کے مقابلے میں تیل کی رسد زیادہ رہی تو آنے والے دنوں میں قیمتوں پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔
بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کی رپورٹ کے مطابق بحری جہازوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رہنے کے باوجود مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی برآمدات میں عالمی طلب کے مقابلے میں تیزی سے بحالی آرہی ہے۔ ادارے نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں سال کی چوتھی سہ ماہی میں عالمی تیل مارکیٹ دوبارہ زائد رسد کی صورتحال سے دوچار ہوسکتی ہے۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کا آئندہ رجحان طلب اور رسد میں توازن، آبنائے ہرمز کے ذریعے ترسیل کی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔