تازہ ترین

نظام کی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں، حافظ نعیم الرحمان

0

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں نظام کی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں، جماعت اسلامی کی ذمہ داری ہے کہ ملک میں عدل و انصاف پر مبنی نظام قائم کرے اور اب وقت آگیا ہے کہ پنجاب میں بھی ایک بڑی سیاسی قوت بن کر سامنے آئے۔

لاہور میں جماعت اسلامی کے ’کل پنجاب اجتماعِ ذمہ داران‘ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکا میں بھی صدارتی انتخابات سرمایہ کاری اور مالی وسائل کے زیر اثر ہوتے ہیں، جہاں کھرب پتی افراد اپنے پیسے کے ذریعے اپنی مرضی کا صدر منتخب کرانے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے پنجاب کی صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے 15 ہزار اسکول آؤٹ سورس کرکے شعبہ تعلیم کو نقصان پہنچایا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں، جماعت اسلامی پنجاب میں ہر یونین کونسل سے اپنا امیدوار میدان میں اتارے گی۔ ان کے مطابق پنجاب کی آبادی ملک کی مجموعی آبادی کے نصف سے زیادہ ہے اور اگر یہ صوبہ سیاسی طور پر بیدار ہو جائے تو پورے ملک میں تبدیلی کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عدل و انصاف پر مبنی نظام کا قیام جماعت اسلامی کی ذمہ داری ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ جماعت اسلامی پنجاب میں ایک بڑی سیاسی جماعت کی حیثیت سے اپنی جگہ بنائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جو سیاسی جماعت اپنی جگہ بنا لیتی ہے، اس کے اثرات ملک بھر کی سیاست پر مرتب ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی بہت جلد ملک بھر میں ایک بڑی پارلیمانی قوت بن کر سامنے آئے گی۔

موجودہ سیاسی، سماجی اور معاشی نظام پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے الزام عائد کیا کہ یہ نظام چند طاقتور افراد کے ہاتھوں میں یرغمال ہے، جو سیاسی انجینئرنگ کے ذریعے اپنے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کبھی آر ٹی ایس بٹھایا جاتا ہے اور کبھی فارم 47 کے ذریعے عوام پر حکومتیں مسلط کی جاتی ہیں۔ ان کے بقول سیاسی جماعتوں کے درمیان لڑائی عوامی مفادات کے بجائے ذاتی مفادات کے لیے ہوتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.