تازہ ترین

شہباز شریف کے متوقع دورہ قاہرہ پر پاکستان اور مصر میں رابطہ

0

اسلام آباد: مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے وزیراعظم شہباز شریف کو قاہرہ کے دورے کی دعوت کا اعادہ کیا ہے، جس پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور ان کے مصری ہم منصب کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال کے علاوہ یورپ میں ہونے والے آئندہ آر فور اور آر فور پلس ای فور اجلاسوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی معاملات پر رابطوں کو مضبوط بنانے اور امن و استحکام کے لیے کوششیں آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے دورہ مصر کی دعوت پر اپنے مصری ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ قاہرہ کی دعوت پر مثبت جواب دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

پاکستان اور مصر کے درمیان حالیہ مہینوں میں اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط میں اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک علاقائی امور، تجارت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔

نومبر 2025ء میں مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے دورہ اسلام آباد کے دوران دونوں ممالک نے پاکستان مصر بزنس کونسل اور بزنس فورم قائم کرنے، پاکستانی کاروباری افراد کے لیے ویزا سہولتیں بہتر بنانے اور قاہرہ کی جامعہ الازہر میں پاکستانی طلبہ کے لیے وظائف کی تعداد دوگنا کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

اس سے قبل 22 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے نیویارک میں ملاقات کی تھی، جس میں علاقائی صورتحال اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چاروں ممالک نے سعودی عرب پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اس کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کی حمایت کا اعادہ کیا تھا۔ رہنماؤں نے سفارت کاری اور مذاکرات کی اہمیت پر بھی زور دیا اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی تھی۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان 7 اگست کو مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے بعد علاقائی تعاون کے حوالے سے آر فور اجلاس کو مزید اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔ اس معاہدے کے تحت کسی ایک رکن ملک پر مسلح حملے کو تمام رکن ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ پاکستان اور ترکیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.