اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان 2027 میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا، پاکستان علاقائی تعاون، روابط کے فروغ اور اقتصادی انضمام کو مضبوط بنانے کے لیے تنظیم کے پلیٹ فارم کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے علاقائی تعاون کو فروغ دینے، رکن ممالک کے درمیان روابط بہتر بنانے اور اقتصادی انضمام کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس موقع پر ’’مستحکم ای سی او کے لیے علاقائی احیا‘‘ کے عنوان سے پاکستان کی ترجیحات بھی اجاگر کیں اور 2027 میں تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے ذریعے خطے میں مشترکہ ترقی، معاشی روابط اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 2027 میں ای سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
اس موقع پر ای سی او کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان نے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے بہترین انتظامات اور پاکستان کی جانب سے مہمان نوازی کو سراہا۔ انہوں نے تنظیم کی آئندہ صدارت اور 2027 میں وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سمیت سربراہی اجلاس کی میزبانی پر پاکستان کو مبارک باد بھی دی۔
ملاقات میں پاکستان اور ای سی او سیکریٹریٹ کے درمیان قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے، طے شدہ اقدامات پر مؤثر عملدرآمد اور علاقائی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔