اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان نے ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے سربراہان کو خط لکھ کر اپنی صحت سے متعلق سنگین خدشات کا اظہار کیا ہے اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے ساتھ مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے انہیں دماغی شریان پھٹنے اور دل کا دورہ پڑنے کے خطرات سے آگاہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق عمران خان کی جانب سے چیف جسٹس سپریم کورٹ، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط ارسال کیا گیا، جو ان کی طرف سے بیرسٹر سلمان صفدر نے تحریر کیا۔ خط میں سابق وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ ان کا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ چکا ہے۔
خط میں عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ عدالتوں سے کسی رعایت کے طلب گار نہیں بلکہ صرف سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد اور اپنی طبی حالت کے مطابق مناسب علاج چاہتے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ اگر وہ زندہ رہے تو اپنی بے گناہی ثابت کریں گے، جبکہ جج صاحبان سے اپیل کی کہ بہت دیر ہونے سے پہلے اس معاملے پر توجہ دی جائے۔
73 سالہ عمران خان اگست 2023 سے مختلف مقدمات میں سزاؤں کے بعد قید ہیں۔ وہ اور ان کی جماعت ان مقدمات کو سیاسی بنیادوں پر قائم قرار دیتے رہے ہیں۔ انہیں اپریل 2022 میں پارلیمان میں تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں وزارت عظمیٰ سے ہٹا دیا گیا تھا۔
یہ خط اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ کی جانب سے جیل حکام کو عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے وکلا کی ملاقات کرانے کی ہدایت کے بعد سامنے آیا ہے۔ بعد ازاں وکلا نے 11 نومبر کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات سے متعلق حلف نامے عدالت میں جمع کرائے۔