تازہ ترین

وزیراعظم کا چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے لیے نئے مراکز بنانے کا فیصلہ

0

وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے فروغ کے لیے ضلعی سطح پر سہولت مراکز قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ابتدائی طور پر لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں ان مراکز کے پائلٹ منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق یہ فیصلہ برآمد کنندگان کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا گیا، جس میں ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات پر پیش رفت اور کاروباری شعبے کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، جبکہ ان کی برآمدات بڑھانے کے لیے سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے کاروبار کے آغاز سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی چار شہروں میں سہولت مراکز کے پائلٹ منصوبوں کی کامیابی کے بعد انہیں مرحلہ وار ملک کے تمام اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔

شہباز شریف نے جلد خراب ہونے والی اشیا کی برآمدات کے لیے پائیدار کولڈ اسٹوریج سسٹم قائم کرنے کا منصوبہ بھی جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔

بیان کے مطابق ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت ایس ایم ای شعبے اور نئے برآمد کنندگان کے لیے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ فنڈز خصوصی طور پر چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کے لیے مخصوص ہوں گے، جبکہ اس سلسلے میں ایگزم بینک سرکلر بھی جاری کر چکا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستانی برآمدات کے فروغ اور مقامی صنعتوں کو برآمدی معیار کے مطابق بنانے کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کی جدید خطوط پر تنظیم نو کی منظوری دینے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

ملاقات میں شریک وفد کے ارکان نے چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا اور مزید بہتری کے لیے تجاویز پیش کیں۔ وزیراعظم نے ان تجاویز کا جائزہ لینے اور ان پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر کو درپیش مالی مشکلات دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان شعبوں کے ذریعے معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.