اسلام آباد: خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت نے گورنر فیصل کریم کنڈی کے اختیارات میں مزید اضافے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے نئے آرڈیننس کا مسودہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھجوا دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایمرجنسی کے نفاذ کے دوران گورنر کو حاصل اختیارات میں اضافے سے متعلق مجوزہ آرڈیننس صدر مملکت کو ارسال کیا ہے، جس کے وزیراعظم کی ایڈوائس پر جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔
مجوزہ آرڈیننس کے تحت ایمرجنسی کے دوران گورنر خیبرپختونخوا کو پہلے سے زیادہ اختیارات حاصل ہوں گے، جبکہ صوبے کے 12 خصوصی اضلاع کے حوالے سے بھی گورنر فیصل کریم کنڈی کے انتظامی اختیارات میں اضافہ کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مجوزہ آرڈیننس کے اجرا کے معاملے کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس دوبارہ شیڈول کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیے جانے کے بعد آرڈیننس جاری نہیں کیا جا سکتا، اسی لیے اس معاملے کو اجلاس کے شیڈول سے پہلے مکمل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔