اسلام آباد: عالمی یومِ برداشت کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں معاشرے میں باہمی احترام، پُرامن بقائے باہمی، بین المذاہب ہم آہنگی اور تمام شہریوں کے مساوی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایک مضبوط، منصفانہ اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کے لیے تنوع کا احترام اور قانون کی بالادستی ناگزیر ہے۔ ہر شہری کو احترام اور رواداری پر مبنی معاشرے کے قیام میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کو قانون کی نظر میں برابری کی ضمانت دیتا ہے اور ضروری ہے کہ ان آئینی حقوق کو ہر شہری کی عملی زندگی میں یقینی بنایا جائے۔
صدر زرداری نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز پیغامات اور الزامات کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات انسانی زندگیوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دھمکیوں اور تشدد پر اکسانے والوں کے خلاف متعلقہ ادارے غیر جانبدارانہ کارروائی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی فرد یا گروہ کو مذہب کے نام پر ظلم کرنے یا قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اختلافات کے باوجود دوسروں کے عقائد اور نظریات کا احترام ہی حقیقی برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات صبر، برداشت، ہمدردی اور احترامِ انسانیت کا درس دیتی ہیں، جبکہ حکومت عالمی برادری کے ساتھ مل کر باہمی احترام اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت ایکٹ کے ذریعے اقلیتوں کے حقوق کا قانونی تحفظ مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے علمائے کرام، اساتذہ، ذرائع ابلاغ اور بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعصب کو مسترد کریں، باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیں اور نفرت و تشدد کے خاتمے کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ بڑھتی ہوئی انتہاپسندی اور پرتشدد تنازعات کے باعث برداشت اور رواداری کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ معاشرے کو پُرامن رکھنے کے لیے ایک دوسرے کو برداشت کرنے اور باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی زندگی رواداری اور بردباری کا بہترین نمونہ ہے۔ تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ نوجوان نسل کو برداشت، احترام اور محبت کے اصول سکھائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کے ہر طبقے کو تحمل، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔