ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ ایشیا کپ: پاکستان نے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کو 126 رنز سے ہرا دیا
پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے میزبان بنگلہ دیش کو افتتاحی میچ میں 126 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ بشون دھرا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 244 رنز بنائے، جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان کے کپتان نثار علی نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جسے بلے بازوں نے درست ثابت کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔
پاکستان کی جانب سے بدر منیر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 43 گیندوں پر 88 رنز بنائے، جبکہ طلحہ اقبال نے 33 گیندوں پر 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ کامران اختر نے بھی 37 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم حصہ ڈالا۔
245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور 17.1 اوورز میں 118 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے کامران اختر نے صرف دو اوورز میں 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بدر منیر نے 3.1 اوورز میں 12 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر بدر منیر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا میچ پیر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی، جبکہ روایتی حریف بھارت کے ساتھ اہم مقابلہ 17 نومبر کو شیڈول ہے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 20 نومبر کو کھیلا جائے گا۔