تازہ ترین

پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرا کر پہلی بار ساف چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنا لی

0

پاکستان نے ساف چیمپئن شپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، گرین شرٹس نے سیمی فائنل میں میزبان بنگلہ دیش کو ایک صفر سے شکست دے کر تاریخی کامیابی حاصل کی۔ فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا، جو منگل کو اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

بنگلہ دیش کے بنگابندھو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اور میزبان ٹیم کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی کوششیں کیں، تاہم کوئی بھی ٹیم برتری حاصل نہ کرسکی اور پہلے 45 منٹ کا کھیل بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

دوسرے ہاف میں بھی مقابلہ سنسنی خیز رہا اور 85ویں منٹ تک دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، تاہم 86ویں منٹ میں سماد نے حیان خٹک کے عمدہ پاس پر گیند کو جال میں پہنچا کر پاکستان کو فیصلہ کن برتری دلادی۔ حیان خٹک نے 74ویں منٹ میں علی عزیر کی جگہ میدان میں قدم رکھا تھا۔

گول کے بعد میزبان بنگلہ دیش نے مقابلہ برابر کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کیں اور انجری ٹائم میں بھی متبادل کھلاڑی میدان میں اتارے، تاہم پاکستانی دفاع نے حریف ٹیم کو کامیابی حاصل کرنے کا موقع نہ دیا اور میچ ایک صفر سے جیت لیا۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے 1993 میں ساف چیمپئن شپ کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ فائنل میں جگہ بنائی ہے، جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔

پاکستان نے ساف چیمپئن شپ 2026 کی مہم کا آغاز بھارت کے ہاتھوں 3-2 کی شکست سے کیا تھا، تاہم اگلے میچ میں مالدیپ کو تین صفر سے ہرا کر شاندار واپسی کی۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان گروپ بی میں دوسرے نمبر پر آگیا تھا، لیکن ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے لیے اسے بھارت اور مالدیپ کے درمیان آخری گروپ میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا پڑا۔

پاکستان کے لیے بھارت کی کامیابی ضروری تھی اور بھارتی ٹیم نے مالدیپ کو ایک صفر سے شکست دے کر گرین شرٹس کی اگلے مرحلے تک رسائی کی راہ ہموار کردی۔ پاکستان نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست دی اور پہلی بار ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.