اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں ترقی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے تمام تنازعات کا پُرامن حل چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی دباؤ اور تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں کے دور میں علاقائی تعاون کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان 2026 اور 2027 کے دوران تنظیم کی صدارت کے موقع پر علاقائی تعاون کے احیا، تجارت، سرمایہ کاری اور روابط سمیت پانچ ترجیحی شعبوں پر توجہ مرکوز کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ای سی او چارٹر میں درج اصولوں اور مقاصد کے لیے پُرعزم ہے۔ بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان علاقائی تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، جبکہ خودمختاری کی برابری، باہمی احترام، عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون اس کی رہنمائی کے بنیادی اصول ہیں۔
نائب وزیراعظم نے علاقائی روابط کے فروغ کو دوسری ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ وسطی اور جنوبی ایشیا کو بحیرہ عرب کے ساحل پر واقع پاکستانی بندرگاہوں سے منسلک کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ نظام بہتر بنانے پر رکن ممالک کے ساتھ کام کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی اور سرحدی انتظامات میں بہتری بھی ضروری ہے۔ ای سی او تجارتی معاہدے کو آگے بڑھانا بھی پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ قدرتی اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی صلاحیت مضبوط بنانا بھی اہم ہے۔ موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات اور پانی و توانائی کے وسائل پر بڑھتا دباؤ خطے کی معیشتوں اور عوام کے روزگار کو متاثر کر رہا ہے۔ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتباہی نظام، پانی کے پائیدار انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے والے بنیادی ڈھانچے میں تعاون ضروری ہے۔
انہوں نے انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کو پانچویں ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی نوجوان آبادی ایک بڑی طاقت ہے۔ تعلیم، تحقیق، جدت اور فنی تربیت کے بہتر مواقع نوجوانوں کو بدلتی ہوئی معیشتوں کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کر سکتے ہیں۔
اجلاس میں شرکت کے لیے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ازبکستان کے نائب وزیر خارجہ بوبور مسعودووچ عثمانوف سمیت مختلف رکن ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود اسلام آباد پہنچے ہیں۔ اجلاس سے قبل اسحاق ڈار نے مہمان وفود کے اعزاز میں استقبالیہ عشائیہ بھی دیا، جس میں وفاقی وزراء اور سفارتی شخصیات نے شرکت کی۔