بحرین میں ایرانی ڈرون حملے، فضائی دفاعی نظام نے حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کردیا
منامہ: بحرین میں اتوار کی صبح ایرانی ڈرون حملے کے بعد متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ حکام نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور سرکاری ذرائع سے اطلاعات حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تین روز کے دوران بحرین پر یہ دوسرا ایرانی ڈرون حملہ ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کی صبح تقریباً 4 بجے دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جبکہ صبح ساڑھے 6 بجے کے قریب ایک اور سلسلہ بھی رپورٹ ہوا۔ حملوں کے بعد خطرے کے سائرن بجائے گئے اور حکام نے سوشل میڈیا پر شہریوں کے لیے حفاظتی ہدایات جاری کیں۔
ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے ایرو اسپیس فورس کے چھ ڈرونز نے بحرین کے الرفاع ہیلی کاپٹر اڈے پر قائم امریکی فضائی دفاعی ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا۔ ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق پاسداران انقلاب نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کی بندش کا حوالہ بھی دیا اور امریکی کارروائیوں کے جواب میں مزید سخت ردعمل کی دھمکی دی۔
دوسری جانب بحرین کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی ڈرون حملوں کو روک دیا اور انہیں اپنے مقررہ اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔ بحرین کی وزارت خارجہ نے ایران کو حملوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک اپنی سرزمین کو تنازعات کا بدلہ لینے کے لیے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے جمعہ کو بھی بحرین پر ڈرون حملہ کیا تھا۔ اس حملے کے بعد امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے دو ایرانی ڈرون مار گرائے، جبکہ کسی جانی نقصان یا املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ملی تھی۔
مشرقِ وسطیٰ میں 28 فروری کو جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایران نے آبنائے ہرمز کے ذریعے بحری آمدورفت محدود کرنے کے ساتھ خطے میں ہوائی اڈوں، بندرگاہوں، توانائی تنصیبات اور امریکی فوجی اثاثوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ خلیجی ممالک اس دوران ہزاروں ایرانی ڈرونز اور میزائلوں کے خطرے سے دوچار رہے ہیں۔