اسلام آباد- وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات صبر، برداشت، ہمدردی، انصاف اور انسانی احترام کے بنیادی اصول سکھاتی ہیں، جبکہ حقیقی رواداری کا تقاضا ہے کہ اختلافِ رائے کے باوجود دوسروں کے عقائد اور نظریات کا احترام کیا جائے۔
عالمی یومِ رواداری کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر باہمی احترام اور برداشت کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ انسانی وقار کا تحفظ ایک پُرامن اور جامع معاشرے کی تشکیل کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو بلاامتیاز مساوی حقوق اور قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے، خواہ ان کا تعلق کسی بھی نسل، مذہب، رنگ یا مکتبِ فکر سے ہو۔ انہوں نے ملک کے ثقافتی، لسانی اور مذہبی تنوع کو قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے نیشنل کمیشن فار مائنارٹی رائٹس ایکٹ 2025 کا نفاذ بھی قانونی تحفظات کو مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
وزیراعظم نے علمائے کرام، اساتذہ، میڈیا سے وابستہ افراد اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعصب، نفرت اور تشدد کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان باہمی سمجھ بوجھ اور احترام کو فروغ دے کر معاشرے میں مثبت تبدیلی لاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برداشت اور رواداری کی تربیت کا آغاز گھر سے ہوتا ہے، جسے تعلیمی اداروں، مساجد اور سماجی حلقوں تک وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ حکومت انسانی حقوق کے قومی ایکشن پلان کے تحت نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کوششوں سے ہی عدم برداشت کا خاتمہ اور پُرامن بقائے باہمی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔