تازہ ترین

ای سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کی تیاریاں مکمل، اسلام آباد اعلامیے کا مسودہ تیار

0

اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جبکہ رکن ممالک کے سینئر حکام نے اجلاس کا ایجنڈا اور مجوزہ اسلام آباد اعلامیے کا مسودہ حتمی شکل دے کر وزرائے خارجہ کے غور کے لیے تیار کرلیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سینئر حکام کا اجلاس 15 نومبر کو سیکریٹری خارجہ آصف افتخار احمد کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ای سی او کے رکن ممالک کے اعلیٰ حکام، تنظیم کے سیکریٹریٹ، خصوصی اداروں اور علاقائی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں 16 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے اجلاس کے ایجنڈے اور مجوزہ اسلام آباد اعلامیے کے مسودے کو حتمی شکل دی تاکہ اسے وزرائے خارجہ کے سامنے پیش کیا جاسکے۔

اجلاس کے دوران ای سی او سیکریٹریٹ کی سالانہ سرگرمیوں، جاری پروگراموں اور مختلف اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف شعبوں کے وزارتی اجلاسوں کے نتائج اور تنظیم کے ذیلی و خصوصی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شرکا نے تنظیم کے انتظامی اور مالی امور پر تبادلہ خیال کیا اور ای سی او کی استعداد اور مؤثریت مزید بہتر بنانے کے طریقوں پر بھی غور کیا۔

سینئر حکام کا اجلاس وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی تیاری میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جہاں رکن ممالک باہمی دلچسپی کے امور کا جائزہ لیتے، پیش رفت پر تبادلہ خیال کرتے اور مجوزہ فیصلوں و دستاویزات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے مشاورت کرتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.