تازہ ترین

جاپان کا پاکستان کے انسداد پولیو پروگرام کے لیے 43 لاکھ ڈالر گرانٹ کا اعلان

0

پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو مزید تقویت دینے کے لیے جاپان نے 43 لاکھ ڈالر کی گرانٹ دینے کا اعلان کردیا ہے۔ اس مالی معاونت سے آئندہ سال انسداد پولیو مہم کے لیے ویکسین کی خریداری کی جائے گی۔

حکام کے مطابق جاپانی گرانٹ سے 2027 کی انسداد پولیو مہم کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ ویکسین خوراکیں خریدی جائیں گی، جو ملک بھر میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم میں استعمال ہوں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ حکومت جاپان 1996 سے پاکستان کی انسداد پولیو کوششوں میں دیرینہ شراکت دار ہے۔ جاپان کی جانب سے فراہم کی جانے والی رقم پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں معاون ثابت ہوگی۔

حکام نے کہا کہ انسداد پولیو ویکسین کی ہر خوراک پاکستان کو پولیو سے پاک منزل کے مزید قریب لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان دنیا کے ان دو ممالک میں شامل ہے جہاں اب بھی وائلڈ پولیو وائرس کی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے، تاہم گزشتہ برسوں کے دوران ملک میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.