تازہ ترین

شہباز شریف اور اردوان کی ملاقات، پاکستان اور ترکیہ کی اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق

0

وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، توانائی اور علاقائی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

انتالیا میں کوپ 31 سربراہی اجلاس کے موقع پر دونوں رہنماؤں کی دوطرفہ ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں اور جاری منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ علاقائی ممالک، خصوصاً معاہدہ مکہ کے ارکان، کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

صدر اردوان نے پاکستان کے تعمیری کردار اور سفارتی کوششوں کو سراہا، جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کے دوران ترک صدر کی مسلسل حمایت اور قریبی رابطے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت تمام فریقین کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے اپنے بنیادی قومی مفادات سے متعلق معاملات پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ امن و خوشحالی کے وژن کی بنیاد پر پاکستان اور ترکیہ کی اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.