تازہ ترین

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 74 دہشت گرد ہلاک

0

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 74 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں 48 گھنٹوں کے دوران بھارت کے حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے 43 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ بلوچستان میں مزید 31 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 35 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ اورکزئی میں ایک علیحدہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران مزید 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے خودکار ہتھیار، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات بھی برآمد کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میر علی اور اورکزئی میں علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ آپریشن عزمِ استحکام پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا تاکہ ملک میں دہشت گردی کے خطرات کا خاتمہ کیا جاسکے۔

بلوچستان میں کوئٹہ کے ضلع کرخ میں 3 نومبر سے جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران مزید 31 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ کارروائیوں میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے، جنہیں غیر ملکی خفیہ اداروں کی حمایت حاصل ہونے کا بتایا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے ان ٹھکانوں سے بھاری ہتھیار، مواصلاتی آلات اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں میں شریک اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا گیا ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ نے سیکیورٹی آپریشنز کے دوران شہریوں کے تعاون کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورکس اور ان کے ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.