تازہ ترین

شمالی وزیرستان میں آپریشن، مساجد سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد

0

شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے زیر استعمال دو ٹھکانوں کو کلیئر کردیا، جہاں سے اسلحہ، گولہ بارود اور بڑی تعداد میں دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے مساجد کو بھی اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 8 نومبر 2026 کو میر علی کے جنوبی علاقے میں واقع گاؤں موزک میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال دو مقامات کو کلیئر کیا گیا، جہاں سے بڑی تعداد میں تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات، بارودی مواد تیار کرنے کا سامان، مختلف اقسام کا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے جان بوجھ کر مساجد کو اسلحہ اور دھماکا خیز مواد چھپانے کے لیے استعمال کیا، جبکہ ان مقدس مقامات پر تشدد کے مراکز بھی قائم کر رکھے تھے جہاں لوگوں کو اذیتیں دی جاتی تھیں۔

آئی ایس پی آر نے اس عمل کو اسلام کی بنیادی تعلیمات سے انحراف اور عبادت گاہوں کی بے حرمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کی معاونت سے سرگرم ان عناصر کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ ترجمان کے مطابق مذہب کی گمراہ کن تشریح کرکے اسے دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی کوششوں کو خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر کے عوام مسترد کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کے مزید ٹھکانوں کی نشاندہی اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان اور وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے موزک میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارت کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے مساجد کو بارودی مواد چھپانے اور لوگوں پر تشدد کے لیے استعمال کرنا اسلام اور مقدس مقامات کی کھلی توہین ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کا عبادت گاہوں کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ان عناصر کا اسلام کی بنیادی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ادھر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی مساجد کو دہشت گردی اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیے جانے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کی ویڈیوز دیکھ کر انہیں دکھ ہوا کہ فتنۃ الخوارج نے عبادت گاہوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا، حالانکہ مساجد امن، بھائی چارے اور اسلامی تعلیمات کے مراکز ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں ماضی کے دوران بھی مساجد کے غلط استعمال کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، تاہم معاشرہ ایسی سرگرمیوں کو کسی صورت قبول نہیں کرسکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز سے تعاون جاری رکھا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.