یوتھ لیڈرز پارلیمنٹ بلوچستان کے وفد کی آئی جی ایف سی سے ملاقات، نوجوانوں کے کردار پر تبادلہ خیال
کوئٹہ: یوتھ لیڈرز پارلیمنٹ بلوچستان کے ایک وفد نے ہیڈکوارٹر ایف سی بلوچستان (نارتھ) کا دورہ کیا، جہاں وفد نے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد عاطف مجتبٰی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران بلوچستان میں امن و استحکام، قومی ترقی میں نوجوانوں کے کردار، تعلیم، ترقی اور قومی یکجہتی کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آئی جی ایف سی میجر جنرل محمد عاطف مجتبٰی نے بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی ترقی کا اہم سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان صوبے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
وفد کے ارکان نے صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی جاری کوششوں کو سراہا۔