تازہ ترین

امریکی افواج عراق سے 30 ستمبر تک انخلاء کرلیں گی،عراقی وزیر اعظم

0

عراق سے امریکی افواج کے مکمل انخلا کی تاریخ 30 ستمبر مقرر کر دی گئی ہے۔ عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی کے مطابق اس تاریخ تک عراق میں موجود باقی امریکی فوجی بھی ملک سے روانہ ہو جائیں گے۔

عراقی حکومت کے مطابق 30 ستمبر امریکی قیادت میں داعش مخالف عالمی اتحاد کے فوجی مشن کے اختتام کی حتمی تاریخ ہے۔ امریکی افواج کا انخلا پہلے ہی مرحلہ وار جاری ہے اور عراق کے بیشتر علاقوں میں موجود امریکی فوجی اڈوں سے واپس جا چکے ہیں۔

عراقی وزیراعظم نے کہا ہے کہ یکم اکتوبر سے عراق میں کسی غیر ملکی فوجی موجودگی کے بغیر ایک نئے مرحلے کا آغاز ہوگا۔ اس کے بعد ملک کی سکیورٹی کی بنیادی ذمہ داری عراقی سکیورٹی فورسز سنبھالیں گی، جبکہ بغداد اور واشنگٹن کے درمیان اقتصادی، ترقیاتی اور سکیورٹی تعاون جاری رکھنے پر توجہ دی جائے گی۔

امریکی فوجی انخلا 2024 میں امریکا اور عراق کے درمیان طے پانے والے مرحلہ وار منصوبے کا حصہ ہے، جس کے تحت داعش کے خلاف امریکی قیادت والے فوجی مشن کو بتدریج ختم کرنے اور دونوں ملکوں کے تعلقات کو طویل مدتی شراکت داری کی جانب منتقل کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

امریکی فوج 2003 میں عراق پر حملے کے بعد ملک میں موجود رہی تھی۔ 2011 میں بڑی تعداد میں امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد داعش کے خلاف کارروائی کے لیے امریکی افواج دوبارہ عراق میں موجود ہوئیں۔ اب 30 ستمبر کی مقررہ تاریخ کے ساتھ عراق میں امریکی فوجی موجودگی کا یہ مرحلہ اختتام کو پہنچنے جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.