کراچی: پاکستان میں سمندر کے اندر تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے ترکیہ کا جدید زلزلہ پیما تحقیقی جہاز اوروچ رئیس کراچی پہنچ گیا ہے۔ اس مشن کے تحت بحیرہ عرب میں جدید سائنسی سروے کیا جائے گا، جس سے مستقبل میں آف شور ڈرلنگ، توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور ممکنہ ذخائر کی دریافت کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
جہاز کی آمد کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، ترکیہ کے وزیر توانائی الپ ارسلان بایراکتار، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے قدرتی وسائل، معدنیات، ہائیڈروکاربن اور قیمتی پتھروں کی مجموعی مالیت محتاط اندازے کے مطابق 8 سے 10 کھرب ڈالر تک ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع، طویل ساحلی پٹی اور اہم عالمی توانائی راہداریوں سے قربت ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتی ہے۔
نائب وزیراعظم نے اوروچ رئیس کی آمد کو محض ایک سائنسی مہم قرار دینے کے بجائے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تزویراتی تعاون میں اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ زلزلہ پیما سروے تجارتی بنیادوں پر تیل یا گیس کی دریافت کی ضمانت نہیں دیتا، تاہم سمندر کی تہہ میں موجود ممکنہ ذخائر کی نشاندہی کے لیے سائنسی تحقیق اور مسلسل تلاش ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سمندری علاقوں میں توانائی کے علاوہ جہاز رانی، ماہی گیری اور سمندر سے وابستہ دیگر صنعتوں کے فروغ کے بھی نمایاں امکانات موجود ہیں۔
ترکیہ کا تحقیقی جہاز انڈس آف شور بلاک میں تقریباً 670 مربع کلومیٹر کے علاقے کا جدید تھری ڈی زلزلہ پیما سروے کرے گا۔ اس دوران سمندر کی تہہ کے نیچے موجود ارضیاتی ساخت اور ممکنہ تیل و گیس کے ذخائر سے متعلق تفصیلی معلومات جمع کی جائیں گی۔
ترکیہ کے وزیر توانائی الپ ارسلان بایراکتار نے بتایا کہ ابتدائی سروے کا عمل تقریباً دو ماہ تک جاری رہے گا۔ اس تحقیق سے حاصل ہونے والے نتائج کی مدد سے ماہرین ممکنہ ذخائر والے علاقوں کی نشاندہی اور مستقبل میں ڈرلنگ کے لیے موزوں مقامات کا انتخاب کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے تحت 2027 میں مزید تلاش کے آپریشنز شروع کرنے کے امکانات ہیں۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے جہاز کی آمد کو پاکستان کی آف شور پیٹرولیم صنعت کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے انڈس بیسن میں کئی سال بعد زلزلہ پیما تحقیق کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوں گی۔ ان کے مطابق ڈیٹا جمع کرنے اور اس کی تشریح کا مکمل عمل تقریباً چھ ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد 2027 کے اوائل میں تحقیقی ڈرلنگ کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
اس منصوبے میں ترکیہ کی پیٹرولیم کمپنی اور پاکستان کی بڑی توانائی کمپنیوں کے درمیان تعاون شامل ہے۔ ایسٹرن آف شور انڈس بلاک سی کے تحت ترک پیٹرولیم آپریٹر کی حیثیت سے 25 فیصد حصہ رکھتی ہے، جبکہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور میری انرجیز بھی اس شراکت داری کا حصہ ہیں۔
حکام کے مطابق اس تعاون کے ذریعے ترکیہ کی تکنیکی مہارت اور پاکستان کی صنعتی صلاحیتوں کو یکجا کیا جائے گا۔ کامیاب ارضیاتی تحقیق سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھنے اور بین الاقوامی توانائی کمپنیوں کی پاکستان کے آف شور شعبے میں دلچسپی پیدا ہونے کی توقع ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پاکستان عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ اور توانائی کی ترسیل کے راستوں میں ممکنہ رکاوٹوں سے متاثر ہوتا ہے۔ آبنائے ہرمز کے گرد حالیہ علاقائی توانائی بحران اور محدود ایندھن ذخائر نے بھی ملک کو درپیش خطرات کو نمایاں کیا ہے۔
اس سے قبل پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے پاکستان آف شور بڈ راؤنڈ 2025 کے تحت دیے گئے آٹھ سمندری بلاکس کے لیے پروڈکشن شیئرنگ معاہدوں پر دستخط اور تلاش کے لائسنس حاصل کیے تھے، جس سے کئی سال کی محدود سرمایہ کاری اور تکنیکی مشکلات کے بعد بین الاقوامی تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔