یوکرین میں روسی میزائل حملے، بچے سمیت 3 افراد جان سے گئے
کیف-یوکرین کے دارالحکومت کیف کے قریب روسی حملوں میں ایک بچے سمیت کم از کم 3 افراد ہلاک جبکہ 3 دیگر زخمی ہوگئے۔
مقامی حکام کے مطابق رات گئے کیف کے مشرقی علاقے میں بیلسٹک میزائل حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب روس نے یوکرین پر میزائل حملوں میں شدت پیدا کردی ہے۔
رپورٹس کے مطابق چند روز قبل بھی روسی حملوں میں 21 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یوکرین کو اپنے فضائی دفاع کے لیے مغربی ممالک سے فراہم کیے گئے انٹرسیپٹر میزائلوں کی کمی کا سامنا ہے، جس کے باعث روسی میزائل حملوں کو روکنا مزید مشکل ہو رہا ہے۔
یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے امریکا سے مزید پیٹریاٹ انٹرسیپٹر میزائل فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کو ملنے والی دفاعی امداد اس کی ضروریات کے لیے کافی نہیں۔
زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کے پاس روس جتنے مالی وسائل نہیں ہیں جنہیں جنگ کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک اور دیگر اتحادیوں کی مدد سے ضروری سامان حاصل کیا جا رہا ہے، تاہم یوکرین میں دفاعی پیداوار بڑھانے کے لیے مزید مالی معاونت کی ضرورت ہے۔